بنگلورو۔22؍نومبر(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے حجاج کرام کو سفر حج بیت اﷲ کیلئے کسی طرح کی حج سبسیڈی نہیں دی جارہی ہے بلکہ حج کیمپ کے اہتمام اور حج کمیٹی کے روز مرہ امور کیلئے حکومت کی طرف سے گرانٹس دیاجاتاہے، یہ بات آج وزیر برائے شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے ریاستی اسمبلی کو بتائی۔وقفۂ سوالات میں بی جے پی رکن امیش کتی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2014کے دوران سفر حج کیلئے 17184 حج درخواستیں موصول ہوئیں ، جن میں سے 5832 عازمین کا انتخاب ہوسکا اور وہ سفر پر روانہ ہوئے ۔ 2015 میں 21802 درخواستیں موصول ہوئیں اور ان میں سے 4963 خوش نصیب قرعہ کے ذریعہ منتخب ہونے کے بعد حج کیلئے روانہ ہوپائے۔ 2016 میں26250 حج درخواستیں موصول ہوئیں اور ان میں سے 4654 عازمین کا انتخاب قرعہ کے ذریعہ کیا گیا اور حج بیت اﷲ کی سعادت سے سرفراز ہوئے۔ انہوں نے بتایاکہ مرکزی حج کمیٹی کے ضوابط کے مطابق مسلسل تین مرتبہ درخواست دے کر قرعہ میں ناکام ہونے والے عازمین کا از خود انتخاب ہوجاتاہے اور باقی لوگوں کا قرعہ کیا جاتا ہے۔